27.2 C
Dublin
بدھ, مئی 22, 2024
اشتہار

عمران خان نااہلی کیس: نواز شریف نے ملک گیرتحریک چلانے کا اعلان کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : سابق نااہل وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ کل کے فیصلے نے ہماری بات سچ ثابت کردی، فیصلے کے خلاف ملک میں بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے، آف شور کمپنی والے کو چھوڑ دیا گیا، یہ کہاں کاانصاف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں اپنی رہائش گاہ سے وطن واپسی کے لئے ائیر پورٹ روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اپنی گفتگو میں نوازشریف نے ایک بار پھر عدلیہ پر شدید تنقید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کل کے فیصلے نے ہماری بات سچ ثابت کردی، میری خیالی تنخواہ کو اثاثہ مان لیا گیا، عمران خان کی ایسی ویڈیوز موجود ہیں جس میں انہوں نے خود آف شوزکمپنی کا اعتراف کیا۔

- Advertisement -

عمران خان نے پٹیشن دی اور گھر بیٹھ گئے، ہمارے معاملے میں بینچ وکیل بن گیا تھا، اب یہ سودا نہیں بکے گا، آف شور کمپنی تسلیم کرنے والے کو چھوڑ دیا جاتا ہے، وزیر اعظم کو اقامے پر نکال دیا جاتا ہے، یہ کہاں کا انصاف ہے؟

انہوں نے کہا کہ میں نے کہا بھی تھا کہ عمران،جہانگیر کے خلاف مقدمے میں مجھے نااہل کردیا جائے گا، پورا بینچ عمران خان کی صفائی دے رہا ہے، بینچ نے عمران خان کی طرف سے میرے خلاف مقدمہ لڑا.

ان کیلئے انصاف کے تقاضے اور ہمارے لیے اور ہیں، عمران خان کی کمپنی اثاثہ نہیں تھی اور میری تنخواہ اثاثہ تھی، جو نظریہ ضرورت شروع ہوا اس کا انجام آنے والا ہے، اب انصاف کے دو ترازو نہیں چلیں گے۔

نااہل سابق وزیراعظم نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ کل کا فیصلہ اپنے منہ سے خود بول رہا ہے، مجھے کہا جا رہا ہے کہ تنخواہ نہیں لی، اس فیصلے کے خلاف ملک میں بھرپور تحریک چلائیں گے، جو قیمت ادا کرنی ہوگی ادا کروں گا، اب یہ سلسلہ مزید آگےبڑھنے نہیں دوں گا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں