کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ سرکاری سرپرستی میں زمینوں پر آج بھی قبضے ہورہے ہیں جبکہ عام شہریوں کے لیز والے گھروں کو مسمار کیا جارہا ہے، این او سی والے گھروں کے مالکان کو معاوضہ دیا جائے۔
کراچی پریس کلب پر ایم کیو ایم پاکستان کے تحت منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’متحدہ قومی موومنٹ قبضہ اور لینڈ مافیا کے خلاف سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور ہم اُن لوگوں کے بھی خلاف ہیں جنہوں نے سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضے کیے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’سرکاری سرپرستی میں آج بھی کراچی کی زمینوں پر قبضے ہورہے ہیں اور حکومتِ سندھ اپنے لوگوں کو نواز رہی ہے جبکہ جن لوگوں نے کے ایم سی اور کے ڈی اے سے تصدیق نامہ حاصل کر کے مکان خریدے انہیں مسمار کردیا گیا‘۔
مزید پڑھیں: غیرقانونی تعمیرات : کراچی میں 40 سے زائد شادی ہال مسمار
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی شہری کو بے گھر نہیں ہونے دیں گے، مسمار کیے جانے والے زیادہ تر گھر لیز ہیں ایسے تمام مالکان کو معاوضہ دیا جائے جن کے پاس تصدیق شدہ دستاویزات موجود تھیں کیونکہ عام آدمی این او سی حاصل کرنے کے بعد ہی زمین خریدتا ہے‘۔
احتجاجی مظاہرہ سے میئر کراچی، اراکین اسمبلی اور دیگر پارٹی قائدین نے بھی خطاب کیا، شرکاء نے مطالبہ کیا کہ ’عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے چائنا کٹنگ کے خلاف کارروائی کی جائے نہ ہی غریب آدمی کو اس کا نشانہ بنایا جائے‘۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) رفاہی پلاٹوں پر تعمیر کیے جانے والے مکانوں اور دیگر املاک کو مسمار کررہی ہے۔