لاہور : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سال دو ہزار سترہ کا سب سے بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ یا دہشت گردی نہیں عمران خان اور پرویز مشرف جیسے مسٹر کلین ہیں، کرپشن کے سارے بڑے مگرمچھ عمران خان کی چھتری تلے جمع ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آئندہ سال مسلم لیگ نون کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے۔
ان کے دو وزارت اعلیٰ کے ادوار میں پنجاب میں جو ترقی ہوئی ہے ان کے وزیر اعظم بننے سے ترقی کا دور پورے پاکستان میں پھیلے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 2013 میں کسی سے پوچھتے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے تو جواب ملتا تھا بجلی یا دہشت گردی لیکن 2017 میں کوئی یہ نہیں کہے گا کہ بجلی اور دہشت گردی مسئلہ ہے، اس سال کا سب سے بڑا مسئلہ عمران خان اور پرویز مشرف ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ہمیں صبح وشام درس دیتے ہیں کہ کرپشن ختم کروں گا، عمران خان بتائیں خیبرپختونخوا میں 5 سال میں بھی احتساب کمیشن کیوں نہ بن سکا اور ان ہی کی جماعت میں کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والے جسٹس (ر) وجیہ کو کیوں نکالا گیا؟ پختونخوا کی کرپشن کا مقابلہ مشرف بھی نہیں کر سکتے۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا احسن اقبال سے استعفی کا مطالبہ
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے توانائی بحران کو شکست دی، دہشتگردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے، دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کر رہے ہیں، پاکستان دشمنوں نے ہمارے خلاف سازشیں تیز کر دی ہیں، موجودہ حکومت نے پاکستان کو دلدل سے نکالا ہے۔