کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان خفیہ ایجنسی کے ہیڈکوارٹر کے قریب خودکش حملے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے دفتر کے قریب خودکش دھماکے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان دانش نجیب کا کہنا ہے کہ خفیہ ایجنسی کے دفتر کے قریب خودکش حملے میں کار میں سوار 6 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوئے۔
ترجمان افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہے دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم خودکش حملے کی ذمہ کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔
افغان دارالحکومت کابل میں ملٹری سینٹرپرحملہ
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے افغان صوبے قندھار میں پولیس دفترپرکاربم حملے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک اور عمارت مکمل تباہ ہوگئی تھی، حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔
یاد رہے کہ رواں برس 19 اکتوبرکو افغانستان کے صوبے قندھار میں افغان ملٹری بیس پر ہونے والے کار بم دھماکے میں 43 فوجی ہلاک متعدد زخمی ہوگئے تھے، جوابی کارروائی میں دس حملہ آور مارے گئے تھے۔