بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

بھارتی کھلاڑی پاکستان سے سیریز کے حامی ہیں، رمیز راجہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ بھارتی کھلاڑی بھی پاکستان سے سیریز کھیلنا چاہتے ہیں لیکن خوف کے باعث خاموش ہیں، بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی افسوسناک ہے، اس سے نقصان کرکٹ کا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی موجودہ حکومت پاکستان کے خلاف ہے جبکہ دونوں ممالک کے کھلاڑی پاک بھارت میچز کے حامی ہیں۔

بھارت کے کرکٹر بھی پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کھیلنا چاہتے ہیں لیکن خوف کے باعث خاموش ہوجاتے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ معاملہ افسوس ناک ہے، سیاست ہونی چاہیے لیکن اس قدر نہیں کہ روایتیں دفن ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں سیاسی اثر و رسوخ بہت زیادہ ہے، پاک بھارت کرکٹ معاملے پر پاکستان کا کردار مضبوط قوم کا ہے۔

رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہ کھیلنے کا بھارتی فیصلہ ہر فورم پر اس کی ناکامی کا باعث بن رہا ہے، بھارتی بورڈ کے خلاف کیس درست اقدام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کرنے والے کھلاڑیوں کو دوبارہ ٹیم میں شامل نہ کرنا درست فیصلہ ہے، پیسے کا لالچ دے کر نہیں بلکہ کرکٹ بنیادوں پر ٹیموں کو بلانا چاہیئے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ پاک نیوزی لینڈ سیریز مشکل ہے، قومی ٹیم کو نام بنانے کے لیے بیرون ملک میچز جیتنا ہوں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں