اسلام آباد : امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر وزیر دفاع خرم دستگیر نے بھی دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپنی زمین کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، کسی کو بھی افغان جنگ پاکستان لانے نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں ناکامیاں اور غلط پالیسیوں کے تباہ کن نتائج کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غصہ پاکستان کیخلاف بیان دے کر نکال دیا ۔
وزیر دفاع خرم دستگیر نے امریکہ کو آئینہ دکھا دیا اور دو ٹوک واضح پیغام دیا کہ پاکستان امریکا کی ناقابل تردید مدد کر چکاہے، پاکستان میں نہ تو دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ہیں اور نہ ان کیلئے کوئی حمایت کرنے والا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور عوام نے لازوال قربانیاں دیں۔
خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان اپنی زمین کےدفاع کی صلاحیت رکھتا ہے، کسی کو پاکستانی زمین پرافغان جنگ نہیں لڑنے دیں گے۔
مزید پڑھیں : ہم نے امداد دی، پاکستان نے دھوکا دیا، اب ایسا نہیں ہوگا: امریکی صدر
یاد رہے گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا نے گزشتہ15سال میں33ارب ڈالرز پاکستان کو دے کر بے وقوفی کی، پاکستان امریکہ کو ہمیشہ دھوکہ دیتا آیا ہے، پاکستان نے امداد کے بدلے امریکہ کو بے وقوف بنانے کے بجائے کچھ نہیں کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا ہے جنہیں ہم افغانستان میں تلاش کررہے ہیں، امداد وصول کرنے کے باوجود پاکستان نے امریکا سے جھوٹ بولا۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ بھی امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے نئی نیشنل سیکیورٹی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان سے ایک بار پھر ڈومور کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا تھا ، پاکستان کو سالانہ کروڑوں ڈالرامداد دیتے ہیں، پاکستان کو بتادیا دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرناہوگی۔