اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ قوم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہے، پارلیمنٹ،پی ٹی وی پر حملہ کرنے والادہشت گرد اے ٹی سی میں پیش ہو ا، عمران خان کا احتساب خیبرپختونخوا کے عوام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی میں عمران خان کی پیشی کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمنٹ،پی ٹی وی پر حملہ کرنے والادہشت گرد اے ٹی سی میں پیش ہو ا، عمران خان کوبھی آج کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان احتساب سے بھاگ نہیں سکتے، عمران خان کااحتساب خیبرپختونخوا کے عوام کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ نوازشریف نے عدالت میں پیش ہو کر آئین اور قانون کی پاسداری کی ، قوم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہے۔
مزید پڑھیں : ایک قانون کے دو ترازو نہیں ہو سکتے: مریم اورنگزیب
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایک قانون کے 2 ترازو نہیں ہو سکتے۔ پاناما فیصلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے جو معیار بنایا گیا، اس فیصلے میں اس کی نفی کی گئی۔
انکا کہنا تھا کہ ایک طرف منتخب وزیر اعظم کو اقامے کی بنیاد پر، غیر وصول شدہ تنخواہ کے اوپر نا اہل کیا گیا۔ دوسری طرف عمران خان کے لیے کہا گیا کہ آف شور کمپنی ہے، ڈکلیئر نہیں کی تو کوئی بات نہیں۔