لاہور: ایف آئی اے کی بلڈنگ کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکیاں دینے والی خاتون اور اُس کی دو بیٹیاں قانون کی گرفت میں آگئیں جبکہ چوتھے ملزم عثمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پہ ایف آئی اے لاہور کی بلڈنگ کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکیاں دینے والی خاتون اور اس کی 2 بیٹیوں کا سراغ لگا کر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے گرفتار کرلیا جن کی شناخت ماں فردوس ریحانہ اور بیٹیاں سندس ، عائشہ کے نام سے ہوئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمہ فردوس ریحانہ نے میاں علی اصغر اور بلال خان نامی شہری سے رنجش رکھتے ہوئے دونوں کو سخت جرم میں پھسانے کی سازش کے تحت اپنی بیٹیوں کے ساتھ مل کے سنگین دھمکیاں دیں۔
دوران تفتیش ملزمہ عائشہ نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے ساتھی عثمان کی معاونت سے میاں علی کے نام کا فیس بک پہ جعلی اکاؤنٹ بنایا اور اُس سے بلڈنگ کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے ایف آئی اے کی بلڈنگ کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکیاں دیتے تھے جس پر سائبر ونگ نے آئی پی ایڈرس اور موبائل ڈیٹا کا سراغ لگایا۔
سائبر ونگ نے آئی پی ایڈریس کے ذریعے ملزمان تک رسائی حاصل کی اور تین خواتین سمیت کو گرفتار کر کے دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا جبکہ چوتھے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے چوہدری سرفراز کا کہنا ہے کہ ملزم عثمان کی گرفتار کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں جس میں جلد کامیابی حاصل ہوگی۔