لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا نائن الیون سے کچھ لینا دینا نہیں پھر بھی ہم نے جالی اور معاشی نقصان نا سامنا کیا، اتنے نقصان کے باوجود امریکا سے صرف طعنے ہی مل رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکا کی دھمکی آمیز بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانیں دے چکا‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نائن الیون نے کچھ لینا دینا نہیں پھر بھی ہم نے بھاری معاشی نقصان کا سامنا کیا اور اس تمام تر صورتحال کے باوجود امریکا ہمیں صرف طعنے دے رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تھوڑے مالی فائدے کے لیے اب ہمیں دوبارہ کسی کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونا چاہیے تاکہ پاکستان کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’امریکی امداد کے بعد ہمارا معاشرہ انتہا پسندی اور گروہوں میں تقسیم ہوا، سی آئی نے خود مسلح لشکر تیار کیے اور پھر ایک عرصے بعد پاکستان کو اُن کے خلاف کارروائی کا حکم دیا‘۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ناکامی کے بعد امریکا نے سارا ملبہ پاکستان پر ڈال دیا، چند ہزار مبینہ حقانی نیٹ ورک کے لوگوں کی موجودگی بہترین امریکی فوج کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے کیونکہ ڈیڑھ لاکھ فوجی افغانستان میں دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔