لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وہاڑی میں ایک منصوبہ شہید عبدالمعید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عبدالمعید جیسے دلیر بیٹے پاک دھرتی کا فخر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرا علیٰ پنجاب شہباز شریف شہیدسیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کے گھر پہنچے اور شہید کےاہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت عبدالمعید کے اہلخانہ کی ہرممکن مدد کے لئے حاضر ہے، عبدالمعید نےبہادری اور جرأت کی مثال قائم کی، وطن پرجانیں نثارکرنے والے قوم کےہیروہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عبدالمعید جیسے دلیر بیٹے پاک دھرتی کا فخر ہیں، عبدالمعید نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے، عبدالمعید کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے وہاڑی میں ایک منصوبہ شہیدعبدالمعید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔
مزید پڑھیں : شمالی وزیرستان، 21سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعیداور سپاہی بشارت شہید
یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی ، دہشتگردوں کی فائرنگ سے 21سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت شہید ہوگئے تھے۔
شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کا تعلق وہاڑی کے علاقے بورے سے تھا جبکہ شہید ہونیوالے اکیس سالہ سپاہی بشارت کا تعلق گلگت سے تھا۔