کراچی: عدالت نے شاہ زیب قتل کیس میں فریقین کے درمیان صلح نامے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع جنوبی کی سیشن عدالت میں شاہ زیب قتل کیس کی سماعت ہوئی جہاں ملزم شاہ رخ جتوئی، سراج تالپور، سجاد تالپوراور غلام مصطفیٰ لاشاری عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے مختصر سماعت کے بعد شاہ زیب اور شاہ رخ جتوئی کے اہل خانہ کے درمیان ہونے والے صلح نامے کی تفصیلات طلب کرلیں جبکہ فریقین کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں دیے گئے دلائل اور قانونی نکات بھی طلب کیے گئے۔
عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پرملزمان کے مقدمے کی نقول فراہم کی جائیں گی جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ شاہ رخ جتوئی سمیت دیگرملزمان کو 23 دسمبر2017 کو عدالت کی منظوری کے بعد ضمانت پرجیل سے رہا کردیا گیا تھا۔
شاہ زیب قتل کیس: سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج
دوسری جانب سول سوسائٹی نے کیس میں سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے فیصلے اور اس کے نتیجے میں ملزمان کی رہائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
یاد رہے کہ سال 2012 میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں 20 سالہ نوجوان شاہ زیب کو شاہ رخ جتوئی سمیت اس کے دوستوں نے قتل کردیا تھا۔