بریانی ایک ایسی ڈش ہے جو تقریباً ہر شخص کو پسند ہوتی ہے۔ آج ہم آپ کو بریانی کی منفرد ڈش ہرے مصالحے کی بریانی بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔
اجزا
گوشت: 1 کلو
چاول: 1 کلو
ادرک لہسن پسا ہوا: 2 کھانے کے چمچ
نمک: حسب ذائقہ
پیاز، باریک کٹی ہوئی: 12 سے 15 عدد
ہرا دھنیہ، باریک کٹا ہوا: 1 گٹھی
کالی مرچ، موٹی کٹی ہوئی: 1 کھانے کا چمچ
ثابت گرم مصالحہ:2 کھانے کے چمچ
دہی پھینٹا ہوا: 2 پیالی
زردے کا رنگ: 1 چٹکی
دودھ: آدھی پیالی
کیوڑہ ایسنس: چند قطرے
گھی: 1 پیالی
ترکیب
دیگچی میں گوشت ڈال کر اس میں ادرک لہسن، پیاز، ہری مرچیں، ہرا دھنیہ، پودینہ اور ایک پیالی پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر اتنی دیر ابالیں کہ گوشت اچھی طرح گل جائے۔
دہی میں کالی مرچ اور نمک ملا لیں۔ گوشت کو چولہے سے اتار کر دہی اور گھی ڈال دیں اور ایک طرف رکھ دیں۔
چاولوں کو گرم مصالحے کے ساتھ ایک کنی (مکمل گلنے سے 3 سے 4 منٹ پہلے) ابال لیں۔ اس کے بعد چھلنی میں ڈال کر زائد پانی نکال لیں۔
بڑے سائز کی دیگچی میں گوشت کو پھیلا کر رکھیں اور اوپر ابلے ہوئے چاول ڈال دیں۔
زردے کا رنگ اور کیوڑہ ایسنس دودھ میں ملا کر چاولوں پر چھڑک دیں۔ چاول ڈھک کر گرم توے پر 15 سے 20 منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر پکائیں۔
مزے دار ہرے مصالحے کی بریانی تیار ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔