اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا ، وفاقی کابینہ ملکی سلامتی اور معاشی صورت حال کا جائزہ سمیت دس نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی جبکہ سندھ میں نئے آئی جی کی تعیناتی کے معاملہ پر بھی کابینہ سےفیصلے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شام 4بجے ہوگا، اجلاس میں 10نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا جبکہ بجلی کی صورتحال کے حوالے سے وزارت توانائی بریفنگ دے گی۔
اجلاس میں اہم ملکی امور پر غور کیا جائے گا اورملک کی سلامتی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں سندھ میں نئے آئی جی کی تعیناتی کامعاملہ اور فیڈرل لینڈ کمیشن کے نئے چیئرمین کی تقرری بھی شامل ہے جبکہ سی ڈی اے آرڈیننس 1962میں ترمیم سےمتعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا ۔
اجلاس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی میں افسران کی ڈیپوٹیشن میں توسیع کی مدت بڑھانے کا امکان ہے۔
ایجنڈے میں ترکی اور سوئٹرزلینڈ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں کی منظوری، سینٹرل کاٹن کمیٹی اور کاٹن سے متعلق امور وزارت ٹیکسٹائل سے وزارت فوڈ کو منتقلی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں ای سی سی اور کابینہ کی توانائی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی جبکہ این ای سی کی سالانہ رپورٹ کابینہ میں پیش کی جائے گی۔