ڈنیڈن : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ڈے ہفتے کو ڈنیڈن میں کھیلا جائے گا، پاکستان کرکٹ ٹیم کا ڈنیڈن پہنچنے پر ھاکو ڈانس سے استقبال کیا گیا، سیریز بچانے کے لئے قومی ٹیم کو لازمی فتح درکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ہفتے کو ڈنیڈن میں ہوگا، دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کا تیسرا کڑا امتحان ہونے کو ہے، اب ڈنیڈن میں میدان سجے گا، سیریز کا تیسرا ون ڈے پاکستان کیلئے آر یا پار کی حیثیت رکھتا ہے۔
دو میچ ہارنے کے بعد سیریز بچانے کے لئے قومی ٹیم کو اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے، یاد رہے کہ نیلسن میں پاکستان کے سیریز برابر کرنے کی امیدوں پر پانی پڑ گیا تھا، اب ڈونیڈن میں خسارہ کم کرنے کا موقع ہے۔
پاکستان کے پاس ہارنے کا آپشن نہیں ہے لیکن ڈنیڈن میں نیوزی لینڈ کے ریکارڈ نے پاکستان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم اس میدان میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔ پاکستان پہلی بار ڈنیڈن میں قسمت آزمائے گا۔ سیریز میں دو میچز میں ناکامی کے بعد گرین شرٹس کے لئے ہفتے کو ہونے والا میچ ڈو اینڈ ڈائی ہوگا۔
پاکستان ٹیم کا ’’ھاکو ڈانس‘‘ سے روایتی استقبال
Pakistan Team received a Maori welcome at Dunedin International Airport pic.twitter.com/fOkbuDJXfr
— PCB Official (@TheRealPCB) January 10, 2018
علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ڈنیڈن پہنچنے پر ماؤری قوم کے روائتی ھاکو ڈانس سے استقبال کیا گیا، دو میچوں میں شکست کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے یہ لمحات خاصے خوش کن تھے۔
کھلاڑیوں نے رقص کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائیں، ماؤری قوم کا یہ ڈانس شکار کرنے سے پہلے اور بعد کی روایت ہے، نیوزی لینڈ کی رگبی ٹیم جب حریف کو چت کرتی ہے تو یہ ڈانس کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے واحد ماؤری کھلاڑی راس ٹیلر ہیں، ان کی ٹیم دو میچوں میں پاکستان کو چت کرچکی ہے۔ ڈنیڈن میں تیسرا ون ڈے پاکستان کے لئے مرو یا مر جاؤ والا میچ ہو گا، جیتے تو سیریز بچ جائےگی اور ہار کی صورت میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ھاکو ڈانس کریں گے۔