اسلام آباد : افغان خفیہ ایجنسی افغانستان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانیوں کے اغوا میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا جبکہ پاکستانی سفارتخانےکی تعلیم یافتہ پاکستانیوں کواغوا کئےجانےکی تصدیق کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایس کی جانب سے افغانستان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانیوں کے اغوا اور انہیں جاسوسی پر مجبور کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع نےبتایا کہ افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس افغانستان میں غیر ملکی کپمنیوں میں ملازمت کرنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانیوں کو اغوا کرتی ہے اور انہیں پاکستان کے خلاف جاسوسی پر مجبور کیا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان خفیہ ایجنسی نے 3ماہ میں متعدد اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانیوں کو اغوا کیا، پاکستان کیخلاف جاسوسی پرآمادگی نہ کرنے پر تشدد کانشانہ بنایا گیا، مغویوں میں بین الاقوامی کمپنیوں سے وابستہ پاکستانی بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں : افغانستان، 105 دن سے اغواء پاکستانی انجینیئر بازیاب
ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹرطارق کو15 نومبرکواغوا کیا گیا،وہ دس سال سے افغانستان میں کام کررہےتھے، انہیں اغوا کے تیسرے دن چھوڑ دیا گیا تھا جبکہ تین پاکستانی چارٹرڈ اکاوئنٹنٹ جنید احمد، ذکی احمد، ساجدعلی کو بھی 26نومبرکواغوا کیا گیا،شاہداقبال کو13دسمبرکو قندھارمیں اغوا اور 2جنوری کو رہا کیا گیا۔
پاکستانی سفارتخانے نے تعلیم یافتہ پاکستانیوں کو اغوا کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ماہ سےاعلی ٰ تعلیم یافتہ پاکستانیوں کو اغواکیا جارہاہے، پاکستانیوں کےاغوا کامعاملہ افغان حکومت سے اٹھایا ہے۔