کراچی: سچل میں ایک اور کمسن بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور زیادتی کرنے والا اس کا چچا نکلا، بچی سے زیادتی کامقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے ملزم کی عدم گرفتاری کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق زینب واقعے کے بعد بھی ہم نے کوئی سبق نہ سیکھا ، کراچی میں سچل کے علاقے میں ایک اورکمسن بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا، اہلخانہ نے الزام لگایا کہ زیادتی کسی اور نے نہیں چچا نے کی۔
بچی کی خالہ کا کہنا ہے کہ پولیس تعاون نہیں کررہی ، سچل پولیس کیس دبانا چاہتی ہے اور مبینہ ملزم کی گرفتاری میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔
زیادتی کا واقعہ سچل تھانے کی حدود گبول گوٹھ میں رپورٹ ہوا جبکہ اے آروائی نیوز کی خبر پر صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے ملزم کی عدم گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سے رپورٹ مانگ لی ہے۔
دوسری جانب سچل میں مبینہ زیادتی کا شکار ہونے والی بچی کے والدین وزیرداخلہ کے دفترپہنچ گیا، وزیر داخلہ سندھ نے والدین کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی
کرائی۔
وزیرداخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ چاہےکوئی کتنا بھی بااثرکیوں نہ ہوکارروائی کی جائے گی، ڈی آئی جی ایسٹ کوانکوائری افسرنامزد کردیا گیا ہے، ملزمان کوقانون کی گرفت میں لایا جائے، ایسےگھناؤنےفعل میں ملوث ملزمان سے رعایت نہ برتی جائے۔
مزید پڑھیں : کراچی : اسکول میں3سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش، چوکیدار گرفتار
وزیرداخلہ نےمتاثرہ خاندان کو ڈی آئی جی ایسٹ دفتر جانے کیلئےاپنی گاڑی دی اور اپناپرسنل اسٹاف افسربھی خاندان کےہمراہ روانہ کیا۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں اسکول میں 3سال کی بچی سے زیادتی کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی، علاقہ مکینوں نے بچی کے شور شرابے پر ملزم کو پکڑلیا، علاقہ مکینوں نے ملزم کو تشدد کے بعد رینجرز کے حوالے کردیا تھا۔
واضح رہے کہ قصور واقعے نے سب کے دل دہلا دیئے، کمسن زینب کو چندروز پہلے اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد سفاک درندوں نے بچی کو زیادتی نشانہ بنا کر قتل کردیا تھا، جس کے خلاف ملک بھر میں لوگ سراپا احتجاج ہیں۔