اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ صرف پارٹی کے کہنے پر ہی اسمبلی تحلیل کروں گا کسی اور کے کہنے پر نہیں۔ حکومت مدت پوری کرے گی اور انتخابات وقت پر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صحافیوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار میرے پاس ہے۔ پارٹی کے کہنے پر ہی اسمبلی تحلیل کروں گا کسی اور کے کہنے پر نہیں۔ ’کسی میں دم ہے تو تحریک عدم اعتماد لے آئے، حکومت مدت پوری کرے گی اور انتخابات وقت پر ہوں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ طالبان اگر امریکا سے بات کرنا چاہتے ہیں تو کریں۔ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جنگ سے کچھ نہیں ملے گا۔ امریکا اربوں ڈالر ہتھیاروں پر لگانے کے بجائے مہاجرین پر خرچ کرے۔
زینب قتل کیس پر ان کا کہنا تھا کہ زینب کا قاتل ضرور گرفتار ہوگا ڈیڈ لائن دینا مناسب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں میں میرٹ پر تعیناتی کر رہے ہیں۔ میرے وزیر اعظم اب بھی نواز شریف ہیں۔ ججز کا کردار اور سوچ بھی عوام کے سامنے آنی چاہیئے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں کوئی کارروائی نہیں کر سکتا۔ اگر کچھ ہوا تو سفارتی یا ملٹری سطح پر جواب دے سکتے ہیں۔ امریکا کی طرف سے ڈو مور مطالبے کی مزید گنجائش نہیں۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کا یومیہ خسارہ 15 کروڑ ہے، نجکاری ناگزیر ہے۔ نیا اسلام آباد ایئرپورٹ مارچ میں مکمل ہوگا
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔