پشاور: خیبر پختونخواہ کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کی اخلاقی تربیت میں بہتری کے لیے خصوصی سیشن منعقد کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری خیبر پختونخواہ کی ہدایت پر صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں باقاعدگی سے اسمبلی میں شرکت ممکن بنانے کے ساتھ بچوں کی اخلاقی تربیت کے لیے اب خصوصی سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔
خیبر پختونخواہ اسکول بورڈ کے مطابق بچوں کی اخلاقی تربیت میں بڑوں کی عزت کرنا، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، حفظان صحت کی آگاہی سمیت مخلتف بہتر اخلاقی عادات کی تشکیل شامل ہے۔
اس حوالے سے خیبر پختونخواہ کے ڈائریکٹر جنرل سیکنڈری ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ رفیق خٹک کا کہنا ہے کہ ہم بچوں میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام کر رہے ہیں، اس سے نہ صرف بچوں میں شعور آئے گا بلکہ ان کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کی ذہنی آبیاری کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اسکولوں میں بحث و مباحثے ہوں گے جن میں بچے مختلف موضوعات پر موافقت و مخالفت میں اپنے دلائل دے سکیں گے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے تعلیمی میدان میں کیے جانے والے اقدامات کی وجہ سے سرکاری اسکول والدین کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور اب والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے پرائیویٹ اسکولوں کے بجائے سرکاری اسکولوں کا رخ کرتے ہیں۔
ایک حالیہ سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں تعلیم کا معیار نہ صرف بلند ہوا ہے بلکہ اس نے پرائیویٹ اسکولوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔