اسلام آباد : نااہل سابق وزیراعظم نوازشریف نے مخالفین پردباؤ بڑھانے کیلئے عوامی رابطہ مہم تیزکرنے فیصلہ کیاہے، رابطہ مہم کی کامیابی کیلئے نواز شریف یکم فروری کو کراچی کا دورہ کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق نوازشریف کی زیرصدارت پنجاب ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں کےاہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں مریم نواز، پرویز رشید، مشاہد اللہ خان اور آصف کرمانی سمیت دیگررہنماؤں نے شرکت کی، نواز شریف نے مشاہد اللہ خان کو فوری طور پر کراچی پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی رابطہ مہم کی کامیابی کیلئے نوازشریف نے کراچی،پشاور،مظفرآباد اور چترال سمیت دیگر شہروں کے دوروں کافیصلہ کیا گیا۔ رابطہ مہم کی کامیابی کیلئے نوازشریف یکم فروری کو دو روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔
جہاں وہ صوبائی قیادت کے اجلاس کی صدارت کے علاوہ وکلا اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کرینگے جبکہ گورنر سندھ بھی نوازشریف سےملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف چار فروری کو پشاور اور پانچ فروری کو مظفر آباد جائیں گے، فروری کے دوسرے ہفتے میں وہ چترال کا دورہ کریں گے۔
مزید پڑھیں : ن لیگ کے کارکنان تیار ہو جائیں، ملک بھر میں جلسے جلوس کریں گے، نواز شریف
یاد رہے 4 روز قبل نوازشریف نے جاتی امرا میں لیگی کارکنوں سے بھی ملے اور غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام سازشی عناصر کو 2018 کے انتخابات میں جواب دیں گے، لیگی کارکن متحرک ہو جائیں، عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں گے۔
انہوں نے کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں جلسے جلوس کریں گے، مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں ووٹ کے تقدس اور عدل کی بحالی کے لیے میدان میں نکلے گی، کھوکھلے نعرے لگانے والے ہمارے ترقیاتی کاموں کا مقابلہ کر کے دکھائیں۔