اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق پولنگ 3 مارچ 2018 کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کیا جس کے مطابق امیدواران کے کاغذات نامزدگی 4 سے 6 فروری تک جمع ہوں گے جبکہ پولنگ تین مارچ 2018 کو ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد اور فاٹا کی نشستوں کے لیے سینیٹ کا انتخابی شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا ۔
انتخابی شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفسرتین فروری کو سینیٹ انتخابات کا نوٹس جاری کریں گے جبکہ امیدوار چار سے چھےفروری تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے۔
امیدواران کے کاغذات کی جانچ پڑتال نوفروری کو ہوگی جبکہ نامزدگی کی فہرست پندرہ فروری کو جاری کی جائے گی، انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار 16 فروری کو کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات جیسے جیسے قریب آرہے سیاسی جماعتیں ایوانِ بالا میں اپنے نمائندگی بڑھانے کے لیے جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین پر الزام عائد کیا کہ بلوچستان میں ہونے والی تبدیلی کے پیچھے سابق صدر آصف علی زرداری کا ہاتھ ہے جس کا مقصد سینیٹ میں پی پی کی نمائندگی بڑھانا ہے۔