اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں ریپ سے متاثرہ افراد کی شناخت عام کیے جانے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی جس پر عدالت نے وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات اور پیمرا کو نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ریپ سے متاثرہ افراد کی شناخت عام کیے جانے کے خلاف درخواست دائر کی گئی۔ درخواست مقامی وکلا شرافت علی اور عمر ساجد چوہان کی طرف سے دائر کی گئی۔
درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ قصور واقعہ کے بعد ریپ سے متاثرہ افراد کی شناخت عام کی جارہی ہے۔ ٹی وی چینلز اور اخبارات میں متاثرین کی شناخت ظاہر کیا جانا قانون کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ ریپ متاثرین کی شناخت ظاہر کیا جانا قابل گرفت جرم ہے۔
مذکورہ درخواست پر سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔
عدالت نے درخواست پر وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات اور پیمرا کو نوٹس جاری کردیا اور فریقین کو 15 دن میں جواب جمع کروانے کا حکم دیا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 دن تک ملتوی کردی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔