واشنگٹن: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امداد فراہم کرنا یا معطل کرنا یہ امریکہ کا اپنا فیصلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان مخالف ٹویٹ شاید کچھ امریکیوں کی خواہش ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکی صدر کے ٹویٹ سے پاکستانیوں کو دکھ پہنچا جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹویٹ میرے لیے زیادہ تکلیف دہ تھا۔
پیپلزپارٹی کے سربراہ نے کہا کہ کئی پاکستانی اپنے پیاروں کو دہشت گردی کی جنگ میں کھوچکے ہیں، امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے ٹویٹ نے پاکستان میں غلط پیغام پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ امداد فراہم کرنا یا معطل کرنا یہ امریکہ کا اپنا فیصلہ ہے جبکہ کولیشن سپورٹ فنڈ امداد نہیں امریکی افواج کے اخراجات ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں 75 فیصد کمی آئی ہے، امریکیوں سے زیادہ پاکستانیوں نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کا45 فیصد حصہ طالبان کے قبضے میں ہے، امریکی اتحادی افواج افغانستان میں طالبان کو شکست نہیں دے سکی۔
پیپلزپارٹی کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان تواکیلا دہشت گردی کا مقابلہ کررہا ہے جبکہ دہشت گرد امریکیوں سے زیادہ پاکستانیوں کونشانہ بنا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکہ نے افغان جنگ میں طالبان کی حمایت ومعاونت کی، آج دہشت گردوں کی پشت پناہی کا الزام پاکستان پرنہیں لگایا جاسکتا۔
ہم نے امداد دی، پاکستان نے دھوکا دیا، اب ایسا نہیں ہوگا: امریکی صدر
یاد رہے کہ رواں برس یکم جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان امریکہ کو ہمیشہ دھوکہ دیتا آیا ہے، پاکستان نے امداد کے بدلے امریکہ کو بے وقوف بنانے کے بجائے کچھ نہیں کیا۔