اسلام آباد / کراچی : الیکشن کمیشن نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم کا کنوینئر تسلیم کرلیا، فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی میں کوئی سرکاری ملازم نہیں، فاروق ستار چاہیں تو قانونی چارہ جوئی کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کا نیا کنوینئر تسلیم کرلیا ہے، متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے پارٹی رجسٹریشن پرنظرثانی کیلئے الیکشن کمیشن میں قرارداد جمع کرائی گئی تھی۔
قرارداد میں کہا گیا تھا کہ پارٹی کی رجسٹریشن خالد مقبول صدیقی کے نام کی جائے کیونکہ خالد مقبول ایم کیوایم پاکستان رابطہ کمیٹی کےنئے کنوینئر ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے بحیثیت کنوینئر الیکشن کمیشن کو پارٹی آئین کی کاپی بھی فراہم کی تھی جس پر ریٹرننگ افسر نے الیکشن کمیشن سے رہنمائی طلب کی تھی۔
علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماایم کیوایم بیرسٹرفروغ نسیم نے کہا کہ فاروق ستار قانونی چارا جوئی کرنا چاہتےہیں تو ضرورکریں، ایم کیو ایم پاکستان کا ایک دفتر صرف بہادر آباد میں ہے، پارٹی کے دو دھڑےنہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں، پارٹی آئین کےتحت رابطہ کمیٹی جسےچاہےٹکٹ دےسکتی ہے، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نےدوتہائی اکثریت سےفیصلےکئےہیں، رابطہ کمیٹی میں کوئی سرکاری ملازم نہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم کا جوآئین ہے اسی پر سب کوعمل کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں: ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے خالد مقبول صدیقی کو کنونیر مقرر کردیا
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔