کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ فاروق ستار پارٹی کا نام اور انتخابی نشان اب استعمال نہیں کرسکتے، ایم کیوایم صرف وہ ہے جو بہادرآباد میں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ فاروق ستار اب ایم کیوایم پاکستان کا نام اور انتخابی نشان پتنگ استعمال نہیں کرسکتے کیونکہ رابطہ کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینر کے عہدے سے ہٹایا ہے۔
ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم صرف وہ ہے جو بہادرآباد میں ہے۔ فاروق ستار انتخابی نشان چرخی رکھنا چاہتے ہیں، اگر الیکشن کمیشن اجازت دے تو ضرور رکھ لیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کا مرکزی دفتر صرف بہادرآباد میں ہے، رہنما ایم کیوایم فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ فاروق ستار سے پارٹی سنبھالی نہیں جارہی تھی، ایم کیو ایم پاکستان کے دو دھڑےنہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی آئین کےتحت رابطہ کمیٹی جسے چاہےٹکٹ دے سکتی ہے، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے دوتہائی اکثریت سے سارے فیصلے کئے ہیں، ایم کیوایم کا جو آئین ہے اسی پرسب کو عمل کرناچاہیے۔