میرپورخاص : سول اسپتال میں نرسوں نے سینیئر ڈاکٹر کو مارمار کر لہولہان کردیا، مشتعل نرسوں نے ڈاکٹر پر چھیڑ چھاڑ کا الزام لگا کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، ڈاکٹررمیش نے کہا کہ اس نے ایک نرس کو میک اپ کرنے سے منع کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق میرپور خاص کے سول اسپتال میں او ٹی انچارج ڈاکٹر رمیش پر اس وقت آفت ٹوٹ پڑی جب اس نے مبینہ طور پر ایک نرس سے چھیڑ چھاڑ کی، سنیئر ڈاکٹر کو ٹرینی نرس سے مبینہ چھیڑ چھاڑ مہنگی پڑگئی۔
نرسیں ڈاکٹر رمیش کو کرسی سے گراکر اس پر ٹوٹ پڑیں، پہلے زناٹے دار تھپڑوں رسید کیا اور پھر سینڈلوں سے پٹائی نے ڈاکٹر کا حلیہ بگاڑ دیا، نرسوں کی پٹائی سے ڈاکٹر رمیش کے کپڑےبھی پھٹ گئے اور منہ سے خون بہنے لگا۔
معاملے کو بگڑتا دیکھ کر اسپتال کے عملے نے ڈاکٹر کی مشتعل نرسوں سے جان چھڑائی، نرسوں کا کہنا تھا کہ اس نے ایک ٹرینی نرس کو نازیبا میسج بھیجا تھا۔
اس حوالے سے ڈاکٹر رمیش کا کہنا ہے کہ میں نے نرس کو اسپتال میں بناؤ سنگھار کرنے سے منع کیا تھا جس پر وہ مشتعل ہو گئی اور حملہ کردیا۔
انتظامیہ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، سول سرجن کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری جاری ہے، انکوائری ٹیم ڈاکٹر رمیش، نرسوں اور دیگر عملے کے بیانات لے رہی ہے۔