اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جناح اسپتال کراچی کی بہتر کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے ڈاکٹر سیمی جمالی کو ایک لاکھ روپے کا انعامی چیک بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹری میں کیس کی سماعت کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے اچانک دورہ کرنے کا اعلان کیا اور وہ کچھ ہی دیر بعد جناح اسپتال پہنچے۔
جسٹس ثاقب نثار نے جناح اسپتال پہنچنے کے بعد ایمرجنسی، انتہائی نگہداشت وارڈ، نیوروسرجری اور ریڈیا لوجی سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے اسٹاف کی خدمات کو قابل تعریف قرار دیا تھا۔
جسٹس ثاقب نثار نے اپنے وعدے کے مطابق بہترین کارکردگی دکھانے پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے ایک لاکھ روپے کا انعامی چیک ڈاکٹر سیمی جمالی کو بھیجا۔
واضح رہے کہ دورے کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے جناح اسپتال میں داخل ملزمان کے وارڈز بھی گئے تھے، انہوں نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم اور سابق صوبائی وزیر سمیت دیگر ملزمان کو فوری طور پر جیل منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔