سرگودھا : مسلم لیگ ن کی جانب سے سوشل میڈیا کنونشن کا انعقاد کیا گیا ہے، مریم نواز کنونشن سے خطاب کریں گی جبکہ انھیں سونے کا تاج پہنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں مسلم لیگ ن کا سوشل میڈیا کنونشن کمپنی باغ کے فٹبال گراؤنڈ میں منعقد کیا جا رہا ہے، مریم نوازخطاب کریں گی، اس موقع پر مریم نواز کو سونے کا تاج پہنایا جائے گا، تاج کو 21 تولے سونے سے تیار کیا گیا ہے۔
کنونشن میں مئیر سرگودھا ملک نوید اسلم مریم نواز کو سونے کا تاج پیش کریں گے۔
اس سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور گراؤنڈ میں مریم نواز اور نواز شریف کی تصاویر آویزاں کر دی گئی ہےم کارکنوں کا جوش و جذبہ عروج پر ہے۔
اس موقع پر نااہل وزیر اعظم کی صاحبزادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے کرتے ہوئے سرگودھا کا شکریہ ادا کیا۔
سوشل میڈیا کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی وزیرمملکت طلال چوہدری اور مسلم لیگ ن کے رہنمامصدق ملک سرگودھاپہنچے اور جائزہ لیتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ میاں محمد نوازشریف عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں، جسے کوئی فیصلہ نکال کر باہر نہیں پھینک سکتا۔
مزید پڑھیں : بیس سال سےنواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش ہورہی ہے: مریم نواز
انکا کہنا تھا کہ سب کو مل کر پارلیمنٹ کی بالادستی کی جنگ لڑنا ہوگی، پارلیمنٹ مقدم ادارہ ہے، جہاں سے آئین اورقانون کے سرچشمے پھوٹتے ہیں اسے میونسپل کارپوریشن نہیں بننے دیں گے۔
یاد رہے اس سے قبل انجمن تاجران شیخوپورہ کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کیلئے پانچ تولہ سونے سے بنا خصوصی تاج بنوایا گیا تھا۔