اسلام آباد : دبئی کے تاجر نے کامران ٹيسوری کے خلاف ايف آئی اے کو خط لکھ کر فراڈ کے دستاويزی ثبوت پیش کردیئے، ان کے خلاف دبئی ميں مقدمے کی تفصيلات بھی دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری کیخلاف دبئی میں فراڈ کے مقدمے کا انکشاف ہوا ہے۔
اس حوالے سے دبئی کے ایک تاجر نے ایف آئی اے کو خط لکھ کر متحدہ رہنما کی مبینہ کرپشن سے متعلق تفصیلات فراہم کردی ہیں۔
مذکورہ خط میں کامران ٹيسوری کے خلاف انٹرپول نوٹس کی کاپی بھی منسلک کی گئی ہے، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کامران ٹيسوری دبئی سے مفرورہے، اس کیخلاف فراڈ کا مقدمہ بھی درج ہے۔
کامران ٹيسوری نے8لاکھ56ہزار883 تولہ سونا درآمد کيا، معاہدے کے تحت3لاکھ99ہزار429تولے کے زيورات واپس بھيجنا تھے، کامران ٹيسوری نے نيب سے جھوٹ بولا اور وہ زيورات نہيں بھيجے۔
خط کے متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کامران ٹيسوری کو گرفتار کرکے واپس دبئی پوليس کے حوالے کيا جائے، تاجر کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ ايف آئی اے اور متعلقہ ادارے کامران ٹيسوری کے خلاف کارروائی کريں۔
دوسری جانب ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ خط موصول ہونے کے بعد کارروائی کا آغاز جلد کردیا جائے گا، کامران ٹيسوری کے خلاف ايف آئی اے کی تحقيقات جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ايف آئی اے آئندہ ہفتے کامران ٹيسوری کا بيان قلمبند کرے گی، اس کے علاوہ ايف آئی اے کو پاکستانی سفارتخانے سے کچھ تصديق شدہ دستاويزات بھی موصول ہوئی ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔