پیر, مئی 19, 2025
اشتہار

سپر اوور:‌ لاہور قلندرز کو پھر شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ فاتح

اشتہار

حیرت انگیز

شارجہ: پاکستان سپرلیگ کے بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سپر اوور میں سنسی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے 12ویں میچ میں دفاعی چیمئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، یونائیٹڈ کی کپتانی مصباح الحق جبکہ قلندرز کی قیادت میکولم نے کی۔

لاہور قلندرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، مصباح الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز اسکور کیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہیں رک سکا، مصباح الیون کی طرف سے اوپننگ کے لیے آنے والے لک رونچی 0 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے بعد ازاں صاحبزادہ فرحان بھی 18 رنز پر پویلین چلتے بنے۔

یونائیٹڈ کی وکٹیں بالترتیب 0، 18، 29، 44، 69، 70، 107، 109 اور 119 کے مجموعی اسکور پر گری، مصباح الیون کے ڈومینی 34 رنز اور حسین طلعت 33 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، قلندرز کی جانب سے یاسر شاہ تین وکٹیں لے کر سرفہرست رہے جبکہ سہیل خان نے 2 اور فخر زمان، مستفیض الرحمان، سلمان راشد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو چار کے مجموعی اسکور پر پہلے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، نئے آنے والے کھلاڑی فخر زمان بھی بغیر کھاتے کھولے گھر گئے، میکولم الیون کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہیں رک سکا تاہم ڈبیو کرنے والے آغا سلمان 48 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے۔

لاہور قلندرز کی وکٹیں بالترتیب 4، 4، 77، 81، 95، 105،105، 114، 115، 121 کے مجموعی اسکور پر گریں،  یونائیٹڈ کے محمد سمیع اور سمت نے 3 ، 3 جبکہ شاداب، روسل اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سپر اوور

ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کی جانب سے آندرے رسل اور آصف علی نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی،  لاہور قلندرز نے سپراوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 16 رنزکا ہدف دیا تھا۔

اسلام آباد کی جانب سے سپر اوور محمد سمیع نے کیا جبکہ برینڈن میکولم اور فخر زمان نے قلندرز کی طرف سے اوپننگ کی، میکولم نے پہلی ہی گیند پر باؤنڈری لگا کر 6 رنز حاصل کیے بعد ازاں وہ دوسری ہی گیند پر آؤٹ ہوئے، نئے آنے والے بیٹسمین کامران اکمل نے گیند کو ایک بار پھر باؤنڈری کے پار پھینک کر 6 رنز حاصل کیے۔

قلندرز نے سپر اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 15 رنز بنائے اور مصباح الیون کو جیت کے لیے 16 رنز کا ہدف دیا۔


لاہور قلندرز اننگز خلاصہ

سولہویں اوور کی آخری بال پر قلندرز کی ٹیم کا پانچویں نقصان ہوا، سترہویں اوور کی آخری بال پر سنیل نارائن آؤٹ ہوئے بعد ازاں اٹھارویں اوور کی تیسری بال پر بھی آغا علی نے شاندار کیچ پکڑ کر سہیل خان کو پویلین کی راہ دکھائی، بعد ازاں یاسر شاہ بھی 19ویں اوور میں آؤٹ ہوئے، سلمان ارشاد نے پہلی گیند پر چھکا مار کر اسکور برابر کیا مگر اگلی ہی بال پر وہ بھی 121 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے یوں دونوں ٹیموں کا اسکور برابر ہوا۔

 OUT! 18.4 Samit Patel to Yasir Shah

بارہویں اوور میں محمد سمیع کی دوسری گیند پر ڈبیو کرنے والے بلے باز آغا سلمان 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، یوں قلندرز کو تیسرے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، چودہویں اوور کی پہلی بال پر محمد سمیع نے دنیس رام دین کو بھی آؤٹ کیا، 15 اوورز کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 85 تک پہنچا۔

چھٹے اوور سے لاہور قلندر نے کھل کر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آسان گیندوں پر چھکے چوکے لگا کر مجموعی اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 68 تک پہنچایا۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز عمر اکمل اور برینڈن میکولم نے کیا جبکہ پہلا اوور سمت پٹیل نے کروایا، پہلے ہی اوور میں دو بار ری ویو لینا پڑا مگر اُس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا اور چار کے مجموعی اسکور پر اوپنر عمر اکمل کو پویلین جانا پڑا، نئے آنے والے بیٹسمین فخر زمان بھی پہلے اوور کی آخری بال پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ڈریسنگ روم کی طرف روانہ ہوئے، 5 اوورز کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 31 تک پہنچا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اننگز خلاصہ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز حسین طلعت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو ہدف میں مدد فراہم کی، 20ویں اوور کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 تک پہنچا۔

سُمت پٹیل 9 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے، یاسر شاہ نے 14ویں اوور میں دو کھلاڑیوں آصف علی اور ڈومینی کو پولین کی راہ دکھائی، پندرہ اوورز کے اختتام پر یونائیٹڈ کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز اسکور کیے۔

یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور وہ قلندرز کے ڈبیو کرنے والے باؤلر سلمان راشد کی گیند پر 4 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے، دسویں اوور کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 40 تک پہنچا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز لک رونچی اور صاحبزادہ فرحان نے کیا جبکہ قلندرز کے فخر زمان نے پہلا کامیاب اوور کروایا جس میں بلے باز رونچی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، بعد ازاں چوتھے اوور میں صاحبزادہ فرحان 6 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے، پانچ اوورز کے اختتام پر یونائیٹڈ کا مجموعی اسکور 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 19 تک پہنچا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے اب تک تین میچ کھیلے مگر اُن میں فتح حاصل نہیں کرسکی، دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے اب تک تین میچز کھیلے جن میں سے انہیں دو میں شکست کا سامنا رہا۔

پوائنٹس ٹیبل پر قلندرز کی ٹیم سب سے آخری جبکہ مصباح الیون پانچویں یعنی آخری سے پہلے نمبر پر موجود ہے، پوزیشن بہتر بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کی کوشش ہے کہ وہ میچ میں فتح حاصل کر کے پوزیشن بہتر بنائیں۔

مزید پڑھیں: کراچی کنگز بمقابلہ ملتان سلطانز، اہم میچ بارش کی نذر

قبل ازیں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے جانے والا میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا، ڈک ورتھ لوئس کے تحت دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں