اسلام آباد / کراچی : عام انتخابات سے قبل ن لیگ اور ایم کیو ایم پاکستان کا بریک ڈاؤن شروع ہوگیا، 3 دن میں 4 لیگی ارکان قومی اسمبلی پی ٹی آئی میں شامل ہوئے جبکہ ایم کیو ایم کی دو خواتین رکن صوبائی اسمبلی نے بھی سینیٹ انتخاب میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نوا زلیگ کے مزید پانچ ارکان اسمبلی نے تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ کرکے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن اراکین نے پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کی ان میں رضاحیات، خسروبختیاراور رانا قاسم شامل ہیں جبکہ طاہربشیر، راناعمر نذیر کا بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا قوی امکان ہے،اس سے قبل میاں طارق محمود ، نثار جٹ پہلے ہی پی ٹی آئی میں شامل ہو چکےہیں۔
دوسری جانب سندھ میں بھی صورتحال زیادہ مختلف نہیں ہے، سینیٹ انتخابات سے قبل سندھ سے ایم کیوایم پاکستان کے مزید 2 ووٹ کم ہو گئے۔
متحدہ کی دو ارکان صوبائی اسمبلی ہیر سوہو اور نائلہ منیر نے سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم کے بجائے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیوایم خواتین ارکان نائلہ منیر اور ہیرسوہو نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہونے والے پیپلزپارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ اس سے کچھ عرصے قبل ایم کیوایم پاکستان کے رکن عارف مسیح بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔