لاہور : پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پنجاب کی 12میں سے11نشستیں جیتنا نواز شریف کی کامیابی ہے، طاقتوں کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے۔
یہ بات انہوں نے سینیٹ الیکشن کے غیرسرکاری نتائج کے اعلان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پنجاب کی 12میں سے11نشستیں ن لیگ نے جیتی ہیں، یہ نوازشریف کی فتح ہے، جمہوریت میں نوازشریف کا کردار مائنس نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا نشان ہٹانے کے باوجود نوازشریف کے نامزد لوگوں کو ووٹ پڑا، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ نوازشریف پاکستان کا مقبول ترین لیڈٖر ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف سے سیاسی وابستگی خوشبو کی طرح ہمارے جسموں میں رچ بس چکی ہے ، وہ کسی آمر کی آمریت سے ختم ہوئی اور نہ ہی کسی فیصلے سے ختم ہوسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوامی رائے کو کسی ہتھکنڈے سے دبایا نہیں جا سکتا، نواز شریف کی قیادت میں ووٹ اور آئین کی بالادستی کامیاب ہوگی، کسی ہارس ٹریڈنگ کاسہارانہیں لیا، جن امیدواروں سے ن لیگ کا نشان لیاگیا وہ آج بھی ن لیگ کے پابند ہیں لیکن آزاد امیدوار ن لیگ کے ضابطہ اخلاق پر عمل کریں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔