کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی شازیہ فاروق نے نیند کی گولیاں کھا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی تاہم بروقت طبی امداد ملنے پران کی جان بچالی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی شازیہ فاروق نے خواب آور گولیاں کھا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی جس کے باعث ان کی حالت غیر ہوگئی اورانہیں بروقت اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معدہ صاف کرکے ان کی جان بچالی۔
ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی شازیہ فاروق کے والد نے بیٹی کی حالت زار کا ذمہ دار ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار کو قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ شازیہ فاروق سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے کے الزام پردلبرداشتہ تھیں۔
دوسری جانب شازیہ فاروق کے بیٹے نے کہا کہ والدہ سندھ اسمبلی گئی تھی تاہم انہوں نے پیپلزپارٹی سمیت کیس جماعت کو ووٹ نہیں ڈالا۔
خیال رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان کو صرف ایک نشست مل سکی اور پارٹی کے رہنما فاروق ستار اور بہادرآباد گروپ کے ارکان یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کے ارکان نے ووٹ بیچے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں پی آئی بی اور بہادرآباد گروپس نے سینیٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں