کراچی : پریس کلب کے باہر پولیس اہلکاروں نے حقوق مانگنے والے پیرامیڈیکل ملازمین کی دُھلائی کردی، پینتیس مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ گورنمنٹ اسپتال کے پیرا میڈیکل اسٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہیلتھ الاؤنس کے حصول کیلئے شدید نعرے بازی کی۔
اس دوران مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ان کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کردیا لیکن احتجاجی ملازمین کے منتشر نہ ہونے پر پولیس نے پانی کی توپ چلادی۔
پانی کے تیز پریشر کے سامنے کئی ملازمین نہ ٹھہرسکے اور توازن بگڑنے پر کوئی یہاں گرا تو کوئی وہاں گرا، پولیس نے اسی پر بس نہ کیا اور بھیگے ہوئے مظاہرین کو کالرسے پکڑ کر دھکے مارے اورگاڑیوں میں ڈالنا شروع کردیا۔
ٹھنڈے پانی میں بھیگنے کے باوجود ملازمین کا جذبہ سرد نہ ہوا تو پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی، شیلنگ کے ساتھ ساتھ ملازمین کی پکڑدھکڑ بھی جاری رہی، پولیس نے پینتیس مظاہرین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔