سیالکوٹ: وزیر خارجہ خواجہ آصف پر مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران نوجوان نے سیاہی پھینک دی۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا کہ جب وزیر خارجہ خواجہ آصف سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے، اس دوران ایک جانب سے نوجوان نے ان کی طرف سیاہی اچھال دی جس سے ان کا چہرہ اور لباس سیاہ ہوگیا۔
واقعہ کے فوری بعد ارد گرد کھڑے کارکنان نے نوجوان کو دبوچ لیا بعد ازاں پولیس نے سیاہی پھینکنے والے نوجوان کا حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا جہاں ملزم سے تفتیش جاری ہے۔
نارووال: وفاقی وزیر احسن اقبال پر جوتے سے حملہ
اس شرم ناک واقعے کے باوجود حیران کن طور خواجہ آصف نے اپنا خطاب ختم کرنے کے بجائے جاری رکھا، اس دوران انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات مجھے کمزور نہیں کرسکتے، ضرور مخالفین نے پیسے دے کر مجھ پر سیاہی پھینکوائی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیالکوٹ کے لوگوں نے مجھے بار بار منتخب کیا، پر امید ہیں آگے بھی کریں گے، میرا کردار اور دل آج بھی صاف ہے، زیر حراست سیاہی پھینکنے والے ملزم کو چھوڑ دیں میری اس سے کوئی دشمنی نہیں۔
نامعلوم افراد نے مریم نواز کے استقبالیہ بینرز پر سیاہی پھیر دی
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیر داخلہ احسن اقبال پر نارووال میں جوتے سے حملہ ہوا تھا، جب وہ ورکرز کنونشن سے خطاب کے لیے اسٹیج پر چڑھے تو ایک نوجوان نے ان کی طرف جوتا اچھال دیا جو ان کے ہاتھ پر لگا، بعد ازاں وزیر داخلہ کے کہنے پر نوجوان کو پولیس کی حراست سے رہائی مل گئی تھی۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں فیصل آباد میں ورکرز کنونشن کی تیاریوں کے لیے لگائے گئے پوسٹرز اور بینرز پر بھی سیاہی پھینک دی گئی تھی جس میں مریم نواز اور نواز شریف کی تصاویر نقش تھیں۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف پر سیاہی پھینکنے کا واقعہ، پی ٹی آئی کا رد عمل
سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران خواجہ آصف پر سیاہی پھینکے جانے پر پاکستان تحریک انصاف نے مذمتی بیان جاری کر دیا۔
رہنماء پی ٹی آئی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ناخوشگوار واقعے کی مذمت کرتے ہیں، اس کے محرکات کا جائزہ لینا ہوگا، یہ واقعہ ن لیگی کنونشن میں ہوا لہذا اپنی صفوں میں مجرم تلاش کریں، البتہ خواجہ اصف کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ ان کے اعمال کا نتیجہ ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔