اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کو چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے موقع ملنا چاہیے، مزید ووٹوں کی ضرورت ہے، یہ اہم ذمہ داری زرداری صاحب پر ڈالتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان سے متعلق بلاول بھٹو کے ٹوئٹ کاشکریہ ادا کرتےہیں، بلاول نے کہا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کا نام بلوچستان سے آیا تو پی پی کا امیدوار نامزد نہیں کرینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان سے امیدوار کی کامیابی کیلئے زیادہ ووٹوں کی ضرورت ہے، اس کی ذمہ داری زرداری صاحب پرڈالتے ہیں کیونکہ وہ اسے کامیابی کی طرف لے جاسکتے ہیں،آصف زرداری نے بلوچستان سےمتعلق بہت کام کیے، زرداری جب بات کر لیتے ہیں تو پھر یو ٹرن نہیں لیتے۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ عمران خان نے بھی کہا ہے کہ ان کے13سینیٹرز ہمارے ساتھ ہیں، بلال بھٹو نے بھی بلوچستان کے امیدوار کو سپورٹ کرنے کہا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو جوتے مارنے کی روایت اچھی نہیں ہے، یہ نہیں ہونا چاہیے تھا، انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کو چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے موقع ملنا چاہیے، اب تک ہمیں
ساٹھ سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔