راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی ، ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے حالیہ باہمی سیکیورٹی رابطوں کو سراہا۔
پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی اورعلاقائی سیکیورٹی کے امورپر بھی غور کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے بارڈرسیکیورٹی بہتر بنانے کے اقدامات کو سراہا جبکہ حالیہ باہمی سیکیورٹی رابطوں کو بھی سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ علاقائی امن کاانحصارمغربی ایشیا سے وسیع تر تعاون میں ہے، قومی سلامتی، جرائم کے خطرے کو روکنے کیلئے آپسی تعاون کی ضرورت ہے۔
خیال رہے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں ہیں۔
مزید پڑھیں : دونوں ملکوں کی مشترکہ کوشش سے عوامی،اقتصادی رابطوں کوفروغ ملا، جواد ظریف
گذشتہ روز ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی، اعلیٰ سطح ملاقات میں خطے میں امن وسلامتی اور دو طرقہ تعلقات کی مضبوطی پرتباد خیال کیا گیا۔
وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر علاقائی اقتصادی اشتراک کے لئے رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پرزور دیا اور کہا کہ ایران سے تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے بھی اعلیٰ سطح رابطوں کے فروغ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ کوشش سے عوامی،اقتصادی رابطوں کوفروغ ملا۔