لندن : کراچی کی غریب پروری کے تو سب ہی معترف ہیں اب بین الاقوامی سطح پر بھی کراچی کی اس صفت کو تسلیم کیا ہے، اکنامک انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق کراچی دنیا کے 10 سستے ترین شہروں میں سے ایک ہے۔
تفصیلات کے مطابق اکنامک انٹیلی جنس یونٹ نے دنیا کے مہنگے ترین اور سستے شہروں کی فہرست جاری کردی۔ رپورٹ دنیا بھرکے 133 شہروں کے سروے پر مبنی ہے، سروے میں 200 چیزوں کا خیال رکھا گيا ہے جن میں رہائش، ٹرانسپورٹ، کھانا، کپڑے، تفریح وغیرہ شامل ہیں۔
فہرست کے مطابق دنیا کا سب سے سستا شہر شام کا دارلحکومت دمشق ہے، دوسرے نمبر پر وینزویلا کا شہر کیراکس، تیسرے نمبر پر قازقستان کا شہر الماتے ، چوتھے نمبر پر نائجیریا کا شہر لاگوس ہے۔
دنیا کے 10سستے ترین شہروں میں پاکستان کا ایک شہر اور بھارت کے تین شہر شامل ہیں ، فہرست میں کراچی کا نمبر چھٹا ہے جبکہ بنگلور پانچویں، چنائی آٹھویں اور نئی دہلی دسویں نمبر پر ہے۔
دوسری جانب دنیا کا سب سے مہنگا شہر کوئی امریکی یہ یورپی شہر نہیں بلکے ایشیائی شہر سنگاپور ہے، دوسرے نمبر پر خوشبوؤں کا شہر پیرس جبکہ سوئس شہر زیوریخ تیسرے نمبر ہے۔
مہنگے ترین شہروں میں ہانگ کانگ چوتھے، اوسلو پانچویں ،جبکہ جنیوا چھٹے ، سیول ساتویں نمبر پر ہے۔
سنگاپور گزشتہ پانچ سال سے پہلے نمبر پر براجمان ہے، سروے کے مطابق بے انتہا مہنگی گاڑیوں نے سنگاپور میں کاسٹ آف لیونگ بڑھا دی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی صنعتی، تجارتی، تعلیمی، مواصلاتی و اقتصادی مرکز ہے، جس کی وجہ سے اسے منی پاکستان کا درجہ حاصل ہے۔
بانی پاکستان کا شہر کراچی صوبہ سندھ کا دارالحکومت ہے، یہ شہر دریائے سندھ کے مغرب میں بحیرہ عرب کی شمالی ساحل پر واقع ہے۔ پاکستان کی سب سے بڑی بندرگاہ اورہوائی اڈہ بھی یہاں قائم ہے۔ علاوہ ازاں کراچی 1947ء سے 1960ء تک پاکستان کا دارالحکومت بھی رہا ہے۔