ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

پی آئی اے نے بین الاقوامی پرواز کے معیارکی دھجیاں اڑا دیں

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : قومی ایئر لائن پی آئی اے کی انتظامیہ کے بہتری اور ترقی کے دعوے کھوکھلے نکلے، بین الاقوامی پرواز کے معیار (فلائٹ اسٹینڈرڈ) کی دھجیاں اڑا دیں۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے یورپ اور خلیجی ممالک کی پروازوں میں انٹرٹینمنٹ سسٹم اور سہولیات کا فقدان دیکھنے میں آرہا ہے، مسافروں کو لمبے سفر کے لیے انٹرٹینمنٹ سسٹم اور آرام کے لیے کمبل تو کیا تکیہ تک فراہم نہیں کیا جا رہا۔

مسافروں کی جانب سے پوچھے جانے پر عملے کا جواب ہوتا ہے کہ یورپی ممالک کی پروازوں پر مطلوبہ سامان فراہم نہیں کیا جاتا۔

اس حوالے سے پی آئی اے کی لندن سے پاکستان آنے والی سات گھنٹے کی پرواز کا پول ایک مسافر خاتون نے کھول دیا۔

خاتون مسافر کی لندن سے لاہور پرواز اور سسٹمز کی عدم فراہمی کے حوالے سے بنائی گئی موبائل ویڈیو اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، ان کا کہنا ہے کہ لندن سے لاہور کی پرواز پر مسافروں کو بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کی جا رہیں۔

واضح رہے کہ دوران پرواز طیاروں میں ناقص انتظامات کی وجہ سے پاکستانی مسافر غیر ملکی ایئر لائنز میں سفر کو ترجیح دینے لگے ہیں، پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کی ناقص پالیسیوں نے خسارے میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے ایئر لائن کی کوتاہی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کی جانب سے کی جانے والی نشاندہی پر کارروائی کے ساتھ بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں