اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ 73 لاکھ نئے ووٹرز کے اندراج کے بعد ملک بھر میں رجسٹرڈ وٹرز کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرچکی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق رجسٹرڈووٹرز کی تعداد 10کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 581 تک پہنچ چکی، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ 63 ہزار 228 جبکہ خواتین کی تعداد 4 کروڑ 58 لاکھ 353 تک ہے۔
ذرائع کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے حساب سے مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں 1 کروڑ 26 لاکھ 58 ہزار 875 کا نمایاں فرق آگیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت کے لیے انتخابی فہرستیں ڈسپلے سینٹرز پر آویزاں کردی گئی ہیں، رجسٹرڈ ووٹرز یکم مئی سے قبل اپنے ووٹ کے اندراج سے متعلق غلطی کی تصیح کرواسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو انتخابی فہرستیں منجمد کر دی جائیں گی، جس کے بعد ووٹ کا اندراج ، منتقلی اور اسے خارج نہیں کیا جاسکے گا۔
عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ای سی پی نے ملک بھر میں 15 ہزارکےقریب ڈسپلےسینٹرز قائم کیے ہیں جبکہ اس ضمن میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کی 8300 سے بھی بذریعہ ایس ایم ایس سے بھی تصدیق کرسکتےہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی فہرستوں میں 73 لاکھ نئے ووٹرز کا اندارج کیاگیا جبکہ 8 ل اکھ کےقریب فوت شدگان کےنام فہرست سے خارج کیےگئے ہیں۔