یروشلم: فلسطینی عوام کی جانب سے اسرائیلی بارڈر پر کیے جانے والے احتجاج پراسرائیلی فورسز کی شدید فائرنگ سے 17 شہری شہید جبکہ 1500 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 42 ویں سالانہ یوم ارض کے سلسلے میں فلسطین کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں تاہم مظاہرین پراسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ کے واقعات میں 17 فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی وزیر صحت کے مطابق فلسطینی عوام کی جانب سے اسرائیلی سرحد کے قریب چھ مقامات پر کیے جانے والے پُرامن مظاہروں پر صیہونی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 سالہ نوجوان سمیت 17افراد شہید جبکہ 1500 سے زائد شہری زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فورسز کا کہنا ہے کہ 17 ہزار سے زائد فلسطینی عوام سرحد کے قریب 6 مقامات پر مظاہروں کے دوران اسرائیلی فورسز پرپیٹرول بموں اور پتھروں سے حملہ کررہے تھے۔ اسرائیل کی دفاعی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی تھی۔
خیال رہے کہ فلسطینی آج سے آئندہ چھ ہفتوں کے لیے اسرائیلی بارڈر پر احتجاجی کیمپ لگا رہے ہیں‘ جس کا مقصد فلسطینیوں کا اپنی سرزمین پر واپس لوٹنے کے لیے پُراَمن مظاہرہ کرنا ہے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ صرف یہی نہیں بلکہ درجنوں فلسطینی شہری غاصب اسرائیلی قوتوں کی فائرنگ سے زخمی بھی ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی افواج کی جانب سے شمالی غزہ کے علاقے جبلیہ اور جنوبی غزہ کے علاقے رفاہ میں بھی فائرنگ کی گئی ہے۔
اسرائیلی افواج نے غزہ بارڈر کو ’ نوگو زون‘ بنا رکھا ہے ‘ اور وہ اس کا سبب سیکورٹی خدشات کو قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی عوام کو تنبیہہ کی تھی کہ سیکورٹی باڑھ سے ہر صورت دور رہا جائے بصورت دیگر انہیں نشانہ بنا یا جائے گا۔
دوسری جانب فلسطین کی آزادی کے لیے متحرک تنظیم ’حماس‘ نے متنبہ کیا ہے کہ مظاہرین کو نشانہ بنانا درحقیقت فلسطینی عوام کو اشتعال دلانے کی مذموم کوشش ہے اور اس طرح سے عوام کو پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف احتجاج میں شرکت نہ کریں۔
اسرائیل کی وزارتِ خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ احتجاج کا مقصد جان بوجھ کراسرائیل کے ساتھ تصادم کرنا ہے اور کسی بھی قسم کے مسلح تصادم کی ذمہ داری مکمل طورپر حما س اور ان کا ساتھ دینے والی جماعتوں پر ہوں گی۔
یاد رہے کہ اسرائیل ایک طویل عرصے سے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے‘ ایک جانب تو اسرائیل ان کی زمینوں پر قابض ہے دوسری جانب وہ انہیں احتجاج کے جمہوری حق سے بھی محروم رکھنا چاہتا ہے۔