لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تمام حدیں پار ہوگئیں مگر ہم صبر کریں گے، گالی نہیں دینگے، عمران خان تبدیلی سے پہلے پشاور کے چوہے مار لیں۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آپ نے ہمیں ووٹ دئیے اور ہم نے وہ ووٹ ضائع نہیں کئے، میرے ذمے ریلوے تھا اور اللہ کی مدد سے ریلوے کو واپس ٹریک پرلایا، حد کراس ہو گئی مگر ہم صبر کریں گے، گالی نہیں دینگے۔
ایک اور ٹوئٹ میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم لڑائی نہیں کریں گے، ہمیں ڈنڈے سوٹے پکڑ کے مخالفین سے لڑنا نہیں ہے، فیصلہ اوپر اللہ نے اور نیچے عوام نے کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سے ڈریں کہ اللہ کا فیصلہ بہت سخت ہوتا ہے، ہمیں کوئی ڈر ور نہیں ہے ہم نے ماں باپ کی قربانی دی ہے، بہت جیلیں کاٹی ہیں، اب اور بھی کاٹ لیں گے مگر ملک کا تماشا لگ جائے گا،۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم بدلے والے لوگ نہیں ہیں، معاف کرنے والے ہیں، ہمیں تو مار مار کے ہمارے بدن کالے کر دیئے گئے مگر ہم نے بدلہ نہیں لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان تبدیلی سے پہلے پشاور کے چوہے مار لیں، اب لوگ اوئے طوئے کی سیاست پسند نہیں کرتے اور زرداری کلین سوئپ کی باتیں کرنے سے پہلے کراچی سے کچرا ہی اٹھا لیں, ہمارا نظریہ ہے کہ سیاست کی طاقت سے اور ووٹ کی قوت سے اپنے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔