اسلام آباد : پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی ، ان اراکین میں شہاب الدین، احمدشاہ، احسن ریاض شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے پیپلزپارٹی کے لیہ سے رکن اسمبلی شہاب الدین، ق لیگ کے پاکپتن سے رکن اسمبلی احمدشاہ اور فیصل آباد کے آزاد رکن اسمبلی احسن ریاض نے بنی گالہ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر عمران خان نے انہیں خوش آمدید کہا، اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف قوم کی امیدوں کامحوربن چکی ہے، عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے پاکستان کی سیاست میں تبدیلی کی بنیادرکھی۔
اراکین پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام استحصال اور کرپشن سے عاجز آچکے ہیں، آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی پنجاب کی واحد اکثریتی جماعت ہوگی۔
عمران خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ تحریک انصاف کے قافلےمیں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، ایک خاندان کے ہاتھوں سے وسائل لے کرعوام میں تقسیم کرنے کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو لوٹنے والوں سے جواب طلبی ناگزیر ہے، بیرون ملک تجوریاں بھرنے والوں کا احتساب وقت کا تقاضا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا کہ قوم کی لوٹی گئی دولت لٹیرے حکمرانوں سے واگزار کراکر ہی دم لیں گے، نظام حکومت کی اصلاح اور عوام کی بہبود پر بھرپورمحنت کریں گے۔