اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ بھارت میں ہمارے سفارتکاروں پر زمین تنگ کی جارہی ہے، ہم قاتلوں سے ایسے ملاقاتیں کررہے ہیں جیسے سب اچھا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات پر رد عمل دیتے ہوئے کیا، چوہدری نثار نے کہا کہ ہندوستانی دہشت گردی کے پیش نظر میں ملاقات سمجھ سے بالاتر ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیری شہدا پاکستان کے پرچم میں دفن ہورہے ہیں، ایسی ملاقاتوں سے پہلے سوچا جائے ملاقات سے کشمیریوں کو کیا پیغام دے رے ہیں، ایسے ملاقاتیں کررہے ہیں جیسے سب اچھا ہے۔
یہ پڑھیں: مشیر قومی سلامتی سے بھارتی ہائی کمشنرکی ملاقات، کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال
انہوں نے کہا کہ کیا ہمارے ہائی کشمنر کو بھارتی حکومتی اہلکار ملاقات کا وقت دیتے ہیں؟ ہم بھارتیوں کو اسلام آباد میں بلا کر دوستی کی باتیں کررہے ہیں، پالیسی اور عمل میں تضاد تک کشمیریوں کی مدد کا دعویٰ دکھاوا رہے گا.
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی لے لیا، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے واقعات کو کھلی ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔ بھارتی فوج نے کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ علی گیلانی کو گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔