مکہ مکرمہ : رہنما ایم کیوایم عبدالرؤف صدیقی چھپن برس کی عمر میں مکہ مکرمہ میں رشتہ ازواج میں منسلک ہوگئے، ولیمے کی تقریب رواں ماہ کراچی میں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق رہنما ایم کیوایم عبدالرؤف صدیقی کا نکاح مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں ہوا، نکاح شیخ صالح زین العابدین نے پڑھایا۔
ذرائع کے مطابق عبدالرؤف صدیقی کا نکاح حرم شریف میں آفاق خان کی صاحبزادی ماہ نور سے ہوا، ان کے نکاح میں ایم کیو ایم رہنما عبدالحسیب، خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم سعودی عرب کے آرگنائزرکفیل صدیقی بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کہنا ہے کہ عبدالرؤف صدیقی کے ولیمے کی تقریب رواں ماہ کراچی میں ہوگی۔
یادرہے رواں سال کے آغاز میں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق وزیر رؤف صدیقی کو سانحہ بلدیہ فیکٹری کا ملزم قرار دیا تھا۔
سانحہ بلدیہ فیکٹری میں رپؤف صدیقی کا نام اس وقت سامنے آئی تھی ، جب سانحہ بلدیہ کے مرکزی ملزم رحمان عرف بھولا نے اعترافی بیان میں قیادت کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا۔
رحمان عرف بھولا کا کہنا تھا کہ علی انٹرپرائزز کے مالکان سے 25 کروڑ روپے بھتہ طلب کیا گیا تو انہوں نے 2 کروڑ روپے ادائیگی کی رضامندی ظاہر کی، جس پر حماد صدیقی نے فیکٹری میں آگ لگانے کی ہدایت دی تھی جبکہ آگ لگانے کے واقعے میں ایم کیو ایم کے عہدیداران بھی شامل تھے اورمعاملے کو دبانے کے لیے پارٹی کا اثرورسوخ استعمال کیا گیا اور رؤف صدیقی نے فیکٹری مالکان کو دباؤ میں لینے کے لیے اُن کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔
واضح رہے کہ ستمبر 2012 میں بلدیہ ٹاؤن کی ایک گارمنٹس فیکٹری میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 250 مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ رؤف صدیقی اگست 2013 میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے، اس سے قبل وہ 2002 سے 2013 کے دوران بھی رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ اس دوران وہ سندھ کابینہ کے رکن بھی رہے۔