ملتان : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملتان کو اپنا سیاسی مرکز قرار دیتا ہوں، جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنائیں گے، ضیاءالحق نے یہاں پیپلزپارٹی کو توڑنے کی ناکام کوشش کی تھی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ ملتان کے لوگوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا اورپی پی نے بھی ملتان کی ہمیشہ خدمت کی۔
پچھلے دور حکومت میں ملتان فیصل آباد موٹروے، ایئرپورٹ تعمیر کیا گیا، پی پی دور میں آصف زرداری کی ہدایت پر گندم کی قیمت 1200روپے فی من تک کی گئی تھی۔
بلاول بھٹو کا پیپلز پارٹی کے پچھلے دور حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہنا تھا کہ پچھلے دس سال میں ہم نے سندھ میں 1800میل طویل کینالز کو پکا کیا، سندھ میں یوسی سطح پر غربت کے خاتمے کا پروگرام شروع کیا، سندھ میں غریب خواتین کو بلا سود قرضے دیئے گئے، اس پروگرام کی بدولت سندھ کے چھ لاکھ خاندان غربت سے نکل چکے ہیں۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں ساؤتھ ایشیا کا سب سے بڑا دل کا اسپتال بنایا جہاں مفت علاج ہوسکتا ہے، پیپلزپارٹی کسی ایک شہر پر توجہ نہیں دیتی دیگر شہروں میں بھی اسپتال کھولے، ملتان اور رحیم یارخان میں بھی ایسے اسپتال کھولے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جنوبی پنجاب صوبے کی بات کی تو ن لیگ نے اس کی مخالف کی تھی، ملتان کے عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں تو علاقے کی پسماندگی دور کردیں گے اور جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنائیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔