کراچی: بہادر آباد کی چھ منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی، رینجرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں پھنسے افراد کو بہ حفاظت باہر نکال لیا۔
تفصیلات کے مطابق بہادر آباد کی ایک عمارت کے گراؤنڈ فلور پر ملبوسات کی دکان میں آگ لگنے سے پوری عمارت لپیٹ میں آگئی۔ آتش زدگی سے دکانیں جل گئیں اور شدید مالی نقصان ہوا۔
فائر بریگیڈ کے مطابق دس گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانا شروع کردیا، دوسری طرف رینجرز نے بھی فوری ایکشن لیتے ہوئے عمارت میں سیڑھیاں لگاکر چار سالہ بچے سمیت محصور لوگوں کو باہر نکالا۔
ملبوسات کی دکان میں آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے، دکان میں لگنے والی آگ نے قریبی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ عمارت کی دوسری منزل تک پہنچ گئی، جس سے وہاں رہائشیوں کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا تھا۔
کسٹم ہاؤس کراچی میں پراسرارآتش زدگی
آگ بہادر آباد میں واقع چار مینار چورنگی کے قریب عمارت میں لگی جس سے نکلنے والے گاڑھے دھوئیں سے آس پاس علاقے میں رہائش پذیر لوگوں کو سانس لینا مشکل ہوگیا تھا۔
نیو ٹاؤن پولیس کے مطابق آتش زدگی کے واقعے میں برقت ریسکیو کارروائی کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا نہ ہی کوئی زخمی ہوا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔