گوجرانوالہ : صوبہ پنجاب کے شہرگوجرانوالہ میں فائرنگ کرکے دادی اور بہن کو قتل کرنے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ میں ملزم سفیان نے گھریلو ناچاقی پر اپنی دادی اور بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزم کی فائرنگ سے اس کی ایک بہن زخمی ہوگئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سفیان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی اس کی بہن سدرہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس آفیسروقاص احمد کے مطابق ملزم نے بہنوں پرفائرنگ کی جنہیں بچاتے ہوئے دادی فائرنگ کی زد میں آگئی اور جاں بحق ہوگئی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل غیرت کے نام پرکیا گیا۔
وقاص احمد کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزم سفیان کو گرفتارکرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف دہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پنجاب میں غیرت کے نام پر بیوی کا قتل، شوہر گرفتار
یاد رہے کہ رواں ماہ 3 اپریل 2018 کو لاہور میں غیرت کے نام پر شوہر نے اپنی بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
فیصل آباد میں باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کر دیا
خیال رہے کہ چار روز قبل پنجاب کے شہر فیصل آباد میں باپ نے بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا تھا اور تھانے جاکر اپنی گرفتاری دے دی تھی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔