راولپنڈی: کرم ایجنسی میں سرحد پار سے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کرم ایجنسی میں سرحد پار سے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ایف سی اہلکار پاک افغان بارڈر پر معمول کے گشت پر تھے، اہلکار بارڈر پر باڑ لگانے کے ضروری انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صورتحال میں بہتری کے لیے فوجی سطح پر رابطہ جاری ہے، پاکستانی فورسز نے افغان شہری آبادی کو نقصان کے خدشے کے پیش نظر تحمل کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی چمن بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہوگئے تھے آئی ایس پی آر کے مطابق سرحد پار سے فائرنگ اس وقت کی گئی تھی جب مردم شماری کا عمل جاری تھا۔