لاہور: مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ پارٹی کے مزید لوگ بھی نواز شریف کے بیانیے کو نہیں مانتے ہیں، پارٹی میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جو ضمیر فروش نہیں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا قاسم نون نے کہا کہ ہمیں تو اعلیٰ قیادت تک رسائی بھی نہیں تھی اور نہ ہی شنوائی ہوتی تھی، پارٹی کے زیادہ تر لوگ ٹکراؤ کی سیاست کے حق میں نہیں ہیں۔
جنوبی پنجاب محاذ کے رہنما نے کہا کہ اس اسمبلی اور ممبران کی جتنی بے توقیری ہوئی اتنی کبھی نہیں ہوئی ہے، جمہور کی آواز ہم ہیں جب ہماری عزت نہیں تو جمہور کی کیسے ہوگی۔
رانا قاسم نون نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کے لیے منت اور ووٹ لے کر اسمبلیوں میں آتے ہیں، آج قومی اسمبلی کے قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی تھی، اجلاس میں پولیس فورس کا بے استعمال بند کرنے پر اہم امور پر غور کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما کا کہنا تھا کہ رانا افضل نے فلاحی زمین پر ناجائز قبضہ کرکے اسپتال بنایا جبکہ صوبہ جنوبی پنجاب محاذ کے لیے دو سیکریٹریٹ بن گئے ہیں، ہمارے دروازے تمام پارٹیوں کے لیے کھلے ہیں۔