کراچی : نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو ذمہ دارقرار دینے کے باوجود14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے،عوام کا کہناہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو ذمہ دارقرار دینے کے باوجود کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، لوڈشیڈنگ کادورانیہ چودہ گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے، جس سے عوام شدیدمشکل کا شکار ہیں۔
لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی 6گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
کراچی کے سات صنعتی علاقوں میں آٹھ آٹھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف صنعت کاروں اور تاجروں نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے اڑتالیس گھنٹے کا الیٹی میٹم دیتے ہوئے صنعتوں کو تالا لگانے کی دھمکی بھی دے دی ہے
عوام کا کہناہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔
دوسری جانب گیس کی فراہمی کے معاملے پر کے الیکٹریک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیا ن تنازعہ تاحال برقرار ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کےالیکٹرک گیس کی کمی کو جواز بنا کر لوڈشیڈنگ کررہی ہے، نیپرا نے کےالیکٹرک کو بند پاور پلانٹس فرنس آئل پر چلانے کی ہدایت کردی ہے۔
مزید پڑھیں : کے الیکٹرک بجلی کی بحران کی ذمہ دار ہے، قانونی کارروائی کی جائے گی، نیپرا
گذشتہ روز نیپرا نے کراچی میں بجلی کے بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹہراتے ہوئے کے الیکٹرک کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا اور کہا تھا کہ گیس کی کمی کی صورت میں متبادل فیول کیوں استعمال نہیں کیا۔ کے الیکٹرک نااہلی اور غفلت کی مرتکب ہوئی ہے۔
نپیرا رپورٹ کےمطابق گیس کی فراہمی کم ہوئی ہے تاہم کے الیکٹرک فرنس آئل سے بجلی بنا کر غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ سے بچ سکتی تھی۔کے الیکٹرک کا رویہ غیر پیشہ ورانہ ہے۔